سکھر تا ملتان موٹر وے پر لگے جدید کیمرے چوری
ویب ڈیسک
|
4 Apr 2026
سکھر تا ملتان موٹر وے (ایم فائیو) پر سکیورٹی اور نگرانی کا نظام شدید متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سکھر سے رحیم یار خان تک تقریباً 200 کلومیٹر کے علاقے سے جدید کیمرے اور دیگر آلات چوری کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق موٹر وے پر نصب سرویلینس اور اسپیڈ کیمرے، سولر پلیٹس، لائٹس اور ان کے پولز نامعلوم افراد نے مختلف مقامات سے نکال لیے ہیں۔ خاص طور پر گھوٹکی کے علاقے جہان خان کے جنگلات کے اطراف صورتحال زیادہ خراب بتائی جا رہی ہے، جہاں نہ صرف کیمرے غائب ہیں بلکہ سولر سسٹم کے پولز تک اکھاڑ لیے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق موٹر وے پولیس کی قائم سکیورٹی چوکیوں کی حالت بھی ابتر ہے۔ کئی چوکیوں کی چھتیں تک موجود نہیں جبکہ وہاں عملے کی موجودگی کے آثار بھی نظر نہیں آتے۔ اس کے علاوہ سڑک کے کنارے نصب لائٹس اور ریفلیکٹرز بھی بڑی تعداد میں غائب یا خراب ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر وے کے سروس ایریاز میں اسٹریٹ لائٹس بند پڑی ہیں، جبکہ حال ہی میں نصب کیے گئے سولر ریفلیکٹرز بھی تقریباً 90 فیصد تک ناکارہ ہو چکے ہیں، جس سے رات کے اوقات میں سفر مزید خطرناک ہو گیا ہے۔
نگرانی کے جدید نظام کے غیر فعال ہونے کے بعد موٹر وے پولیس کو دوبارہ روایتی طریقہ اپنانا پڑا ہے، اور اہلکار سڑک کنارے اسپیڈ گنز لگا کر گاڑیوں کی رفتار چیک کر رہے ہیں۔
Comments
0 comment