سندھ تقسیم ہوکر رہے گا، آفاق احمد

ویب ڈیسک
|
20 Jul 2025
کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اب تقسیم ہوگا اور پیپلز پارٹی کا تعصب صوبے کو تقسیم کر کے رہے گا۔
سمن آباد آفس میں مہاجر بزرگوں اور نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آفاق احمد نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ اجرک کا مسئلہ پیپلز پارٹی کی کرپشن چھپانے کا ایک حربہ ہے۔
آفاق احمد نے واضح کیا کہ اجرک والی نمبر پلیٹ کے معاملے پر ان کا موقف کسی ثقافت کے خلاف نہیں ہے، اور مہاجر قوم ہمیشہ سے دوسری ثقافتوں کا احترام کرتی آئی ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ احترام کا یہ مطلب نہیں کہ اپنی منفرد شناخت کو چھوڑ کر کسی دوسری ثقافت کو اپنا لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مہاجروں کو اپنی منفرد شناخت پر فخر ہے۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ سندھ ایک دو لسانی صوبہ ہے اور کسی ایک لسانی گروہ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے پر اپنی مرضی مسلط کرے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی کراچی پر اجرک مسلط کرنے کی حکومتی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
آفاق احمد نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگوں کی اقتدار کی ہوس کا یہ مطلب نہیں کہ کراچی کو لاوارث سمجھ لیا جائے، اور کراچی کے عوام اپنے حقوق کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔
Comments
0 comment