صنم جاوید شوہر سمیت گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل

ویب ڈیسک
|
28 Apr 2025
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید اور ان کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن اور سماجی کارکن صنم جاوید اور ان کے شوہر پروفیسر عتیق ریاض کو پولیس نے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق، کوٹ لکھپت جیل کے قریب سے دونوں میاں بیوی کو حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ آپریشن کرتے ہوئے صنم جاوید اور ان کے شوہر کو گرفتار کیا اور انہیں کسی نامعلوم مقام پر لے گئی۔
اہل خانہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کو بغیر کسی واضح وجہ کے حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صنم جاوید حال ہی میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق عدالتی کارروائی کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوئی تھیں۔
تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک پرانے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے، جس میں اشتعال انگیز نعرے بازی اور ریاست مخالف سرگرمیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق صنم جاوید کے خلاف مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں درج ہے۔ جس میں عالیہ حمزہ، نازیہ بلوچ، انتظار حسین پنجوتہ سمیت 35 دیگر افراد کے خلاف الزامات ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ صنم جاوید پر مبینہ طور پر ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔
انویسٹی گیشن پولیس نے کہا ہے کہ صنم جاوید سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ تاہم، ان کے وکلاء اور خاندان نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments
0 comment