اسپتال میں داخل بیوی کو دھوکا دے کر شوہر پولش بیٹی کو پاکستان لے آیا

اسپتال میں داخل بیوی کو دھوکا دے کر شوہر پولش بیٹی کو پاکستان لے آیا

معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا، خاتون کی درخواست پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم
اسپتال میں داخل بیوی کو دھوکا دے کر شوہر پولش بیٹی کو پاکستان لے آیا

ویب ڈیسک

|

4 Jan 2025

پاکستانی شہری پولینڈ نیشنلٹی کی حامل بیٹی کو ماں کی اجازت کے بغیر دھوکا دہی سے پاکستان لے آیا۔

تفصیلات کے مطابق پولش خاتون نے اپنی بیٹی کی حوالگی اور وطن واپس لے جانے کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کا رہائشی عدیل خان بیٹی انیتا مریم کو جنوری 2022 میں دھوکا دہی سے پاکستان لایا۔

عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو آئی بی، ایف آئی اے اور نادرا افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ جے آئی ٹی ٹیم ہوم ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی سندھ سے بچی اور اُسکے والد کو ٹریس کرنے کیلئے مدد لے، درخواست گزار نے شوہر کا پاسپورٹ نمبر بھی الگ سے متفرق درخواست دائر کر کے فراہم کیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ نادرا حکام ڈیٹابیس سے عدیل خان کی فیملی ٹری اور دیگر معلومات حاصل کر کے لوکیشن حاصل کریں، جے آئی ٹی عدیل خان کے شناختی کارڈز نمبر پر رجسٹرڈ موبائل سمز کی بھی معلومات حاصل کرے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق عدیل خان نے آخری بار 18 دسمبر 2024 کو جناح ایئرپورٹ کراچی پر لینڈ کیا، یہ پہلو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ عدیل خان ابھی بھی پاکستان میں ہی موجود ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدیل خان اور بیٹی انیتا مریم خان کا نام ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے بچی کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے حکم دیا کہ جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن تک ڈی جی ایف آئی اے ڈائریکٹر ہیومن ٹریفکنگ کراچی کو تفصیلات فراہم کریں، ڈائریکٹر ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نابالغ بچی اور اُسکے والد کو ٹریس کرنے کیلئے سنجیدہ کوشش کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ ہوم سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ بھی عدیل خان اور بیٹی کو ٹریس کرنے کیلئے تعاون کریں۔

پولینڈ کی خاتون نے اپنی درخواست میں انکشاف کیا کہ وہ اسپتال میں داخل تھی کہ اس دوران عدیل نامی شخص جنوری 2022 میں بیٹی انیتا مریم کو لے کر پاکستان آیا، پولینڈ کی ضلعی عدالت نے شوہر عدیل خان کی بیٹی حوالگی کی درخواست مسترد کی۔

والدہ کے مطابق کیس پولینڈ کی عدالت میں زیرسماعت ہونے کے دوران شوہر بدنیتی سے بیٹی کو پاکستان لے آیا، پولینڈ کی عدالت نے نومبر 2022 میں بیٹی کو چھ ماہ میں پاکستان سے پولینڈ لانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت 21 جنوری 2025 کو ہو گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2022 میں 2 بچے پولینڈ کی ماؤں کے حوالے کیے تھے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!