سینیٹ الیکشن، خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن کا مک مکا، امیدوار بلامقابلہ کیسے منتخب ہوئے؟

ویب ڈیسک
|
19 Jul 2025
خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے ہونے کے بعد دونوں فریقین کے نامزد کردہ امیدوار سینیٹ الیکشن میں بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
رات گئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق ہوا جس کے تحت خیبرپختونخوا کی ٹیکنوکریٹ، جنرل اور خواتین کی نشستوں پر دونوں فریقین کے نامزد امیدواروں کے مدمقابل امیدوار دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق امیدواروں کی دستبرداری اور ریس میں ایک کے ہونے پر بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں اور اس بات کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں 5/6 فارمولے پر اتفاق پایا گیا ہے، فارمولے کے تحت تحریک انصاف کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں گی۔
ترجمان کے مطابق جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری بلامقابلہ منتخب ہوں گے، جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز، اور ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم خان سواتی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوں گے۔
معاہدے کے تحت اپوزیشن کی جانب سے طلحہ محمود، عطا الحق درویش، روبینہ خالد، دلاور خان اور نیاز احمد بلا مقابلہ سینیٹرز منتخب ہوں گے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، نورالحق قادری، اعظم سواتی اور روبینہ ناز بلا مقابلہ سینیٹر ہوں گے۔
اس کے علاوہ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ تمام ناموں کی توثیق پارٹی کی سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی نے کر دی ہے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
خواتین کی مخصوص نشست پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی شاہدہ وحید کامیاب قرار پائیں جبکہ اقلیتی نشست پر جمعیت علماء اسلام (ف) کے گرپال سنگھ کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتظامی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے 8 پولنگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ افسران سینیٹ الیکشن کے دن پولنگ کے انتظامات کی نگرانی کریں گے اور انتخابی عمل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرائیں گے۔ تعیناتی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے طے کردہ ضابطہ کار کے مطابق کیا گیا ہے۔
Comments
0 comment