سینیٹ ٹکٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن ہار گئے

ویب ڈیسک
|
19 Jul 2025
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ انتخابات سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے ناراض امیدواروں، بشمول عرفان سلیم، کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت تھی کہ سینیٹ انتخابات کے مقابلہ یا بلامقابلہ ہونے کا فیصلہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کرے گی، جس نے مشاورت کے بعد بلامقابلہ انتخاب کو ترجیح دی۔
اس فیصلے کا مقصد سینیٹ انتخابات میں روایتی خرید و فروخت کے عمل کا خاتمہ ہے۔ سیاسی کمیٹی نے پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کی کثرت رائے سے تائید کی اور بقیہ امیدواران کے کاغذات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری بلامقابلہ منتخب ہوں گے، جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز، اور ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم خان سواتی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوں گے۔
اس کے علاوہ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ تمام ناموں کی توثیق پارٹی کی سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی نے کر دی ہے۔
قبل ازیں پاک تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کےناراض سینیٹ انتخابات کیلئے کورنگ امیدواروں کا وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور بھی ناکام ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق اب فیصلہ تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کرے گی تاہم امیدواروں کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلے پر وہ اپنا موقف دینگے۔ اسے قبل آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کےسینیٹ انتخابات کے لیے کورنگ امیدواران عرفان سلیم، عائشہ بانو، ارشاد حسین، وقاص اورکزئی اور پارٹی قیادت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔
تحریک انصاف کے ناراض امیدواروں نے دو نشستوں کا مطالبہ کیا تھا جبکہ وزیراعلی اعلی امین گنڈاپورنے غیر مشروط دستبردار ہونے کی ہدایت کردی تھی۔ ناراض گروپ کا مطالبہ ہے کہ جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کو دئےگئے دو دو نشستوں میں سے ایک ایک واپس لیا جائےیا الیکشن لڑا جائے ۔
پہلے دور کے مذاکرات میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا، تیمور جھگڑا اور شوکت بسرا شریک تھے۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز پی ٹی آئی کے کورنگ امیدواروں کا اجلاس منعقد ہواتھا جس میں جنرل نشست کے امیدوار عرفان سلیم، وقاص اورکزئی،خرم ذیشان ، ٹیکنوکریٹ کی نشست کے امیدوار سابق آئی جی سید ارشاد حسین اور خواتین کی نشست کی امیدوار عائشہ بانو شریک ہوئیں۔
اجلاس کے دوران امیدواروں نے واضح کیا ہے کہ وہ سینیٹ کی دوڑ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بلامقابلہ سینیٹ انتخاب پر اتفاق ہو گیا ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں 5/6 فارمولے پر اتفاق پایا گیا ہے، فارمولے کے تحت تحریک انصاف کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں گی۔
معاہدے کے تحت اپوزیشن کی جانب سے طلحہ محمود، عطا الحق درویش، روبینہ خالد، دلاور خان اور نیاز احمد بلا مقابلہ سینیٹرز منتخب ہوں گے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، نورالحق قادری، اعظم سواتی اور روبینہ ناز بلا مقابلہ سینیٹر ہوں گے۔
Comments
0 comment