تاحیات نااہلی: مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر قرآنی آیت کا حوالہ دے دیا
ویب ڈیسک
|
8 Jan 2024
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے تاحیات نااہلی کے حوالے سے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سپریم کورٹ کے جاری کردہ فیصلے پر قرآنی آیت کا حوالہ دے دیا۔
مریم اورنگزیب نے عدالتی فیصلے پر سورۃ البقرہ کی آیت (وتعز من تشاء، وتذل من تشاء) لکھی جس کا معنی یہ ہے کہ ’اور اللہ جسے چاہیے عزت دے اور جسے چاہیے ذلت دے دے‘۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ آج قائد نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ’ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان اور عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلنے والے سیاہ کردار آج عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے ہیں، جنہوں نے اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر پچیس کروڑ عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’ایک لاڈلے کو صادق اور امین کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کےلئے ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی، آج یہ کہنا بنتا ہے کہ و تعز من تشاء و تذل من تشاء‘۔قائد نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو۔
Comments
0 comment