وفاقی کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دے دی
ویب ڈیسک
|
25 Jun 2024
وفاقی کابینہ نے عزم استحکام آپریشن شروع کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے عزم استحکام کے فیصلے پر اراکین نے غور کیا۔
کابینہ اراکین نے وزیراعظم کی جانب سے آپریشن کی منظوری کی توثیق کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران مکینوں کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے اور ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے کسی کے گھر پر چھاپہ نہیں مارا جائے گا۔
ذرائع نے وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف صرف انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ ہفتہ کو ایپکس کمیٹی کے اعلان کے بعد سامنے آیا، جس کے نتیجے میں پچھلے آپریشنز، ضرب عضب اور راہ نجات کی طرح لوگوں کی نقل مکانی کے بارے میں افواہیں اور قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں تھیں۔
پی ٹی آئی اور جے یو آئی سمیت اپوزیشن نے حکومتی فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آپریشن کا فیصلہ کرنے سے پہلے انہیں اعتماد میں نہیں لیا۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا ایپکس کمیٹی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے آپریشن کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کا آغاز کے پی اور بلوچستان سے ہوگا اور استحکام آپریشن کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ عزم استحکام ایک بڑے پیمانے پر آپریشن نہیں ہوگا، اور نہ ہی حکومت اس میں توسیع کا سوچ رہی ہے۔
پیر کو رات گئے وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں واضح کیا گیا کہ آپریشن ’عزم استحکام‘ کا مقصد انسداد دہشت گردی کی قومی مہم کو نئے سرے سے متحرک کرنا ہے۔
Comments
0 comment