15 hours ago
ویڈیو بیان تنازع، بشری بی بی کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے سمیت 5 مقدمات درج
ویب ڈیسک
|
23 Nov 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشری بی بی کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ اور مذہبی منافرت پھیلانے کی دفعات کے تحت پنجاب میں 5 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
بشری بی بی کے خلاف ڈیرہ غازی خان کے تھانہ جمال خان میں یاسین نامی شہری نے مقدمہ اندراج کی درخواست دی جس پرپولیس نے ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ اُس نے ٹی وی پر بشری بی بی کا بیان سُنا جو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب کرنے اور پاکستانیوں کو متنفر کرنے کے مترادف ہے۔ یہ سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ عرام کو گمراہ کیا جائے۔
اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کے خلاف راجن پور میں بھی ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت تھانہ محمد پور گم والا میں حاکم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ضلع لیہ میں سٹی تھانے میں سہیل اشفاق نامی شخص کی مدعیت ٹیلی گراف ایکٹ129، 1885 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا۔
بشریٰ بی بی کے خلاف گجرانوالہ کے تھانہ صدرمیں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
بشریٰ بی بی کے بیان کے بعد ملتان میں بھی ان کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں تھانہ قطب پور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمہ غلہ منڈی کے شہری عمیر مقصود کی درخواست پر درج کیا گیا۔ مقدمے میں پیکا ایکٹ 2016 اور مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی دفعات لگائی گئی ہیں ۔
Comments
0 comment