19 hours ago
ویمن کالج کے پروگرام کی ویڈیو ٹک ٹاک پر کیوں اپ لوڈ ہوئی؟ ڈپٹی کمشنر طلب

ویب ڈیسک
|
10 Jul 2025
پشاور ہائیکورٹ (پی ایچ سی) نے صوابی کی ویمن یونیورسٹی کی طالبات کی مبینہ طور پر اجازت کے بغیر ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے معاملے پر صوابی کے ڈپٹی کمشنر کو طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ریمارکس دیے کہ صوابی کے رہائشیوں نے اس ویڈیو پر اعتراضات اٹھائے ہیں، جسے ان کے خیال میں طالبات کی رازداری کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ محمد ہمدان نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیو ڈپٹی کمشنر کے ذاتی ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے اپ لوڈ کی گئی تھی۔
طالبات نے بھی شکایت کی کہ ان کی اجازت کے بغیر ویڈیو شیئر کی گئی، جو ان کے رازداری کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل (اے اے جی) نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے اس کیس میں اپنا جواب جمع کرادیا ہے۔ تاہم، جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے سوال اٹھایا کہ یونیورسٹی نے ابھی تک اپنا جواب کیوں نہیں دائر کیا اور وائس چانسلر عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید دلائل دیے کہ 2018 میں جاری ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری عہدیدار صرف فیس بک یا ایکس استعمال کرسکتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈپٹی کمشنر نے 2025 میں اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ٹک ٹاک ویڈیو پوسٹ کرکے اس ہدایت کی خلاف ورزی کی۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی اور ویمن یونیورسٹی سوابی کے وائس چانسلر اور ڈپٹی کمشنر کو اگلی سماعت پر ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی۔
Comments
0 comment