ئی ایم ایف دفتر کے باہر مظاہرے کو عمران خان نے درست قرار دے دیا، بیرسٹر گوہر کا اعلان لاتعلقی
ویب ڈیسک
|
16 Mar 2024
پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے گزشتہ روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے دفاتر کے باہر مظاہرے کیے گئے۔
ان مظاہروں میں پاک فوج کے سپہ سالار کے خلاف نعرے اور بل بورڈز پر جملے درج کروائے گئے جس میں انہیں ایک آمر قرار دیا گیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات اور شفافانہ نتائج سے مشروط کرے۔
مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف کے بیرون ملک مفرور رہنما شہباز گل بھی تھے جبکہ نامور صحافی معید پیر زادہ سمیت دیگر بھی وہاں پر موجود تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر نے آئی ایم ایف کے باہر ہونے والے مظاہرے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایسا کوئی پروگرام تحریک انصاف کی جانب سے منعقد نہیں کروایا گیا‘۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف والے لیٹر میں کہیں نہیں لکھا کہ پاکستان کو امداد نہ دیں، صرف صاف شفاف انتخابات کا وعدہ یاد کروایا، آئی ایم ایف دفتر کے باہر مظاہرہ پی ٹی آئی نے آرگنائز نہیں کروایا۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کی کیس کی سماعت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے احتجاج کو درست قرار دیتے ہوئے فوج مخالف نعروں سے اظہار لاتعلقی کیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر احتجاج میں فوج مخالف نعرے بازی کا علم نہیں البتہ لوگوں کا احتجاج درست تھا۔ 3 کروڑ ووٹ ہماری جماعت کو ملے اور 3 کروڑ ووٹ 17 جماعتوں کو ملے انتخابات کا آڈٹ کروایا جائے۔
Comments
0 comment