1 hour ago
کھابے لامے نے اپنی کمپنی فروخت کردی، قیمت جان کر ہوش اڑ جائیں گے
ویب ڈیسک
|
27 Jan 2026
دنیا بھر میں مشہور ٹک ٹاک اسٹار کھابے لامے نے اپنی کمپنی اسٹیپ ڈسٹنکٹیو لمیٹڈ ایک بڑے کاروباری معاہدے کے تحت فروخت کر دی ہے۔
یہ معاہدہ مکمل طور پر شیئرز کی بنیاد پر طے پایا ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 97 کروڑ 50 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ اسے سوشل میڈیا سے وابستہ کسی تخلیق کار کا اب تک کا سب سے بڑا بزنس معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یہ ڈیل رچ اسپارکل ہولڈنگز کے ساتھ جزوی خریداری اور طویل المدتی شراکت داری پر مشتمل ہے۔ معاہدے کے تحت رچ اسپارکل آئندہ کم از کم تین سال تک کھابے لامے کی تمام کمرشل سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی، جن میں برانڈ تشہیر، لائسنسنگ، آن لائن تجارت اور دیگر کاروباری منصوبے شامل ہیں۔
اس معاہدے کے بدلے کھابے لامے کو رچ اسپارکل ہولڈنگز میں کنٹرولنگ شیئر ہولڈر کا درجہ دیا گیا ہے، جس کے باعث انہیں کمپنی کے اہم فیصلوں اور تخلیقی سمت متعین کرنے میں مرکزی کردار حاصل ہوگا۔
رچ اسپارکل ہولڈنگز کا کہنا ہے کہ کھابے لامے کی عالمی شہرت اور کروڑوں فالوورز کی بدولت اس شراکت داری سے سالانہ چار ارب ڈالر سے زائد کی فروخت متوقع ہے۔
کھابے لامے، جن کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تقریباً 36 کروڑ فالوورز ہیں، نے اپنی مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل نقل (ڈیجیٹل ٹوئن) بنانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ان کی شکل، آواز اور انداز کو استعمال کرتے ہوئے ایک ورچوئل کردار تیار کیا جائے گا، جو مختلف زبانوں میں مواد تیار کرنے اور ممکنہ طور پر ورچوئل لائیو اسٹریمنگ کے لیے استعمال ہو سکے گا۔
ڈیجیٹل ٹوئن ایک ایسا کمپیوٹر سے تیار کردہ کردار ہوتا ہے جو حقیقی انسان کی نقل پر مبنی ہوتا ہے اور جس کے ذریعے مواد بنانے کے لیے اس شخص کی ہر وقت موجودگی ضروری نہیں رہتی۔
ماہرین کے مطابق یہ قدم کھابے لامے کو اُن تخلیق کاروں کی صف میں شامل کرتا ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنے ڈیجیٹل اثر و رسوخ اور کاروباری مواقع کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔
Comments
0 comment