ڈیفنس میں بااثر افراد کا موٹرسائیکل سوار پر تشدد، بہن دہائیاں دیتی رہی

ویب ڈیسک
|
2 Jun 2025
کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے اتحاد کمرشل میں بااثر افراد نے سرعام موٹرسائیکل سوار کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
عینی شاہدین کے مطابق کار سوار نے اپنا تعارف سرکاری افسر کے طور پر کروایا اور موٹرسائیکل سوار کو اپنی گاڑی میں بیٹھا کر تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
اس دوران موٹرسائیکل سوار کے ساتھ لڑکی تشدد کرنے والوں کے آگے ہاتھ جوڑ کر مار پیٹ نہ کرنے اور غلطی پر پاؤں پڑنے کی دہائیاں بھی دیتی رہی مگر بااثر افراد نے ایک نہ سنی۔
مار پیٹ کرنے والے شخص نے وہاں موجود دیگر لوگوں سے خواتین کو پیچھے ہٹانے کا کہا جس پر لڑکیوں نے لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر مداخلت کی اپیل کی مگر کسی نے ایک نہ سنی۔
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس طرح کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں، اس سے قبل ایک پولیس افسر کے نشے میں دھت لڑکے نے خاتون کو گاڑی سے ٹکر ماری اور خبر اجاگر کرنے پر ڈائیلاگ پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے نازیبا زبان کا استعمال بھی کیا تھا۔
Comments
0 comment