گوادر میں مسافر بس کو روک کر شناخت کے بعد مسافر قتل

ویب ڈیسک
|
27 Mar 2025
گوادر میں بس سے اتار کر شناخت کے بعد 6 مسافروں کو قتل کردیا گیا۔
کلمت: دہشت گردوں نے گوادر سے کراچی جانے والی بس پر کلمت کے علاقے میں گھات لگا کر حملہ کر دیا، جس میں 6 مسافر شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے 5 مسافروں کو شناخت کر کے موقع پر ہی گولی مار دی، جبکہ ایک زخمی مسافر علاج کے دوران انتقال کر گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شہید ملتان کا رہائشی تھا، جبکہ دیگر کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسافروں پر اس وحشیانہ حملے کو انتہائی المناک اور غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔
نقوی نے حملے کو دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا وحشیانہ اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔" انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے حملے عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے اور حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کے سمجھوتے پر تیار نہیں۔
انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا یقین دلایا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Comments
0 comment