59 mins ago
کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گر گئی، 14 بچے جاں بحق، کئی زخمی
Webdesk
|
30 Jun 2026
لاہور کے علاقے کاہنہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک گھر کی چھت گرنے سے ٹیوشن پڑھنے والے متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔ حادثے میں 14 بچے جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ دیہی علاقے میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں بچوں کو ٹیوشن پڑھائی جا رہی تھی۔ روزانہ بڑی تعداد میں بچے وہاں تعلیم حاصل کرنے آتے تھے کہ اچانک ٹی آر گارڈر سے بنی چھت زور دار دھماکے کے ساتھ گر گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ امدادی کارکنوں نے ملبے سے 20 بچوں کو نکالا، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک تھی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملبے سے نکالے گئے کچھ بچوں کے سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی، جن کے منہ اور ناک سے مٹی صاف کرکے فوری طبی امداد دی گئی اور اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملبے میں مزید بچوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ امدادی آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں بچوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے مشینری کے بجائے احتیاط سے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا رہی ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے حادثے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ 5 زخمی بچوں کا علاج جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ٹیوشن سینٹر کی استانی کو کئی بار خستہ حال چھت کی شکایت کی مگر انہوں نے کوئی ایکشن نہیں لیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا،
حادثے میں ٹیوشن کی استانی بھی زخمی ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کاہنہ میں افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ وہ خود ریسکیو کی نگرانی کررہی ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز نے زخمی بچوں کے فوری علاج معالجے کی ہدایت کردی اور معاون خصوصی وزیراعلی ذیشان ملک کو موقع پر روانہ کردیا۔
Comments
0 comment