کالج اور اسکول کے بچوں کو منشیات پر کیسے لگایا جاتا ہے؟ ساحر حسن کے خوفناک انکشافات

ویب ڈیسک
|
27 Feb 2025
منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن نے اسپیشلائزڈ یونٹ کے سامنے اپنے بیان میں منشیات کے کاروبار سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منشیات کی فروخت کا ایک بڑا نیٹ ورک موجود ہے، جس میں تعلیمی اداروں کے طلبا اور طالبات بھی شامل ہیں۔
ساحر حسن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ وہ خود تعلیمی اداروں میں جا کر منشیات فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالج اور یونیورسٹی کے طلبا آن لائن موبائل ایپس کے ذریعے منشیات کا آرڈر دیتے ہیں، جس کے بعد انہیں مخصوص مقامات پر ڈیلیوری کی جاتی ہے۔
ساحر نے کہا کہ وہ طلبا سے دوستی کرتے ہیں اور پھر انہیں ویڈ (منشیات) استعمال کی عادت میں مبتلا کرتے ہیں۔ ابتدا میں ایک تعلیمی ادارے میں چند خریدار ہوتے ہیں، لیکن چند ماہ میں ہی ان کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔
ایس ایس پی شعیب میمن نے بتایا کہ شہر میں ویڈ فروخت کے دو بڑے گروپس کام کر رہے ہیں۔ ایک گروپ کیلیفورنیا سے غیر قانونی طور پر ویڈ منگواتا ہے، جبکہ دوسرا گروپ ایرانی ویڈ فروخت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ عامر اور ساحر حسن کے گٹھ جوڑ کے ٹوٹنے سے ویڈ کی 50 فیصد فروخت رک گئی تھی، اور اس وقت منشیات تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ویڈ فروخت کرنے والے 20 اہم کردار منظر عام سے غائب ہو چکے ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی ملک سے باہر نہیں گیا ہے۔ پولیس ایرانی ویڈ گروپ کے خلاف کارروائی کر رہی ہے اور ان کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ساحر حسن کو منشیات برآمدگی کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، اور بعد ازاں انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ تفتیش کے دوران ساحر نے بڑے بزنس مین، سیاستدانوں اور دیگر اہم شخصیات کے نام بتائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ منشیات کی آن لائن رقم اپنے والد ساجد حسن کے منیجر کے اکاؤنٹ میں منتقل کرتے تھے۔ ساحر نے بتایا کہ وہ پانچ سال سے ماڈلنگ اور تیرہ سال سے ویڈ کا نشہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ دو سال سے ویڈ فروخت کر رہے تھے اور بازل اور یحیی جیسے افراد سے منشیات لے کر فروخت کرتے تھے۔ ساحر نے کہا کہ وہ کوریئر کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی منشیات منگواتے تھے اور ہر ہفتے چار سے پانچ لاکھ روپے ادا کرتے تھے۔
ساحر حسن نے متعدد کمرشلز میں ماڈلنگ کی ہے اور ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا ہے۔ وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے ساتھ ساتھ فری لانس کام بھی کرتے ہیں۔
یہ انکشافات منشیات کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیشرفت ہیں، اور پولیس کے مطابق، ان معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
Comments
0 comment