12 hours ago
کراچی، مکان کی چھت گرنے سے پانچ سگی بہنوں، کمسن بچیوں سمیت 6 خواتین جاں بحق

ویب ڈیسک
|
9 Mar 2025
کراچی: گلشن معمار کے علاقے افغان کیمپ میں گھر کی چھت گرنے سے چار کمسن بچیوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق روزے کے بعد کمرے میں بیٹھے ایک ہی خاندان کے افراد پر چھت گر گئی۔ جس مین خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور فوری طور پر ملبے تلے دب کر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی نجی اسپتال پہنچایا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کمسن بچیوں سمیت 6 خواتین دم توڑ گئیں جبکہ شدید زخمی ہونےوالے 4 افراد کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
جاں بحق ہونے والی خواتین میں 5 بہنیں بھی شامل ہیں ، متاثرہ خاندان کا آبائی تعلق بنوں سے تھا ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرنے والی چھت پری کاسٹ کی بنی ہوئی تھی جس کی مضبوطی کے لیے تعمیراتی کام جاری تھا ، چھت پر تعمیر کے لیے لائی گئی ریتی بجری کو چھت پر لیجایا گیا تھا جس کے باعث پری کاسٹ کی چھت اس کا وزن برداشت نہیں کر سکی اور نیچے موجود افراد پر گر گئی۔
ترجمان ویسٹ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 7 سالہ نسرین ، 15 سالہ سعدیہ ، 3 سالہ عائشہ ، 8 سالہ کائنات ، 8 سالہ ایشال اور 9 سالہ سانودیہ کے نام سے کی گئی۔
Comments
0 comment