11 hours ago
کراچی، تیز رفتار بس اور واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا

Webdesk
|
4 Jul 2025
کراچی: لانڈھی یونس مل کے قریب بس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ مین کورنگی روڈ پر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل نوجوان کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوجوان کا پائوں شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی یونس مل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔
ایس ایچ او قائد آباد خوشی محمد نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 43 سالہ شمس الدین کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ بس کی ٹکر پیش آیا ہے جس کا ڈرائیور موقع سے بس چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
جبکہ بس کو پولیس نے اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ڈیفنس مین کورنگی روڈ اختر کالونی بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کی نتیجے میں نوجوان پاوں بری طرح سے کچل گیا۔
حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔حادثے کے بعد مشتعل افراد نے جمع ہوکر واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ دیے جبکہ زخمی نوجوان کو چھیپا کے رضا کاروں ںے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمہ دار واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔
اس موقع پر شہریوں نے کہاکہ ایک جانب ٹریفک پولیس کے اہلکار غول اور ٹولیوں کی شکل میں موٹر سائیکلوں پر فرمائشی نمبر پلیٹ کی آڑ میں شہریوں کے جبری چالان کرنے میں مصروف دکھائی دیتی ہے تو دوسری جانب شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ شہریوں کو روند رہی اور ان حادثات میں شہری زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔
Comments
0 comment