21 hours ago
کراچی، واٹر ٹینکر نے کم عمر حافظِ قرآن بچے کو کچل دیا

Webdesk
|
8 Oct 2025
کراچی: واٹر ٹینکر نے کم عمر حافظِ قرآن کو کچل دیا تاہم پولیس نے ٹینکر کو تحویل میں لے کر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی زیا کالونی میں پانی کے ٹینکر کی ٹکر سے 14 سالہ حافظِ قرآن جاں بحق ہوگیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک غیر تربیت یافتہ ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث ٹینکر پر قابو نہ رکھ سکا۔
پولیس نے کہا کہ حادثہ زیا کالونی کے بیلچہ ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں پانی کا ٹینکر گلی میں مڑتے وقت لڑکے کو کچل گیا۔واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ٹینکر تحویل میں لے لیا جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
جاں بحق لڑکے کی شناخت 14 سالہ اسماعیل کے نام سے ہوئی، جو حافظِ قرآن اور تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور مدرسے سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھر آرہا تھا۔
اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ اسماعیل کا تعلق پنجاب سے تھا اور اس کی ناگہانی موت سے پورا خاندان غم میں ڈوب گیا۔
Comments
0 comment