کراچی میں بھتہ خوری اور تاجر کے قتل میں ملوث گینگ گرفتار، خاتون بھی شامل

کراچی میں بھتہ خوری اور تاجر کے قتل میں ملوث گینگ گرفتار، خاتون بھی شامل

چھ رکنی گینگ نے پانچ دسمبر کو کراچی میں دھاگے کے تاجر کو قتل کیا
کراچی میں بھتہ خوری اور تاجر کے قتل میں ملوث گینگ گرفتار، خاتون بھی شامل

ویب ڈیسک

|

18 Dec 2023

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں تاجر کو بھتہ نہ دینے پر قتل کرنے والے 6 رکنی گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جس میں خاتون بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مسلح گینگ نے پانچ دسمبر کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں بلال مرشد نامی تاجر کو قتل کیا، جس کے بعد ایس پی سینٹرل کی سربراہی مین کمیٹی تشکیل دی گئی۔

پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اپناتے ہوئے قتل میں ملوث 6 رکنی گینگ کو گرفتار کیا جس میں خاتون بھی شامل ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت یوسف، عادل، ضمیر چانڈیو، نبیل احمد، نادر اور صدف کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق گینگ میں شامل مزید تین ملزمان مفرور ہیں جن کی گرفتاری کیلیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

ملزمان نے دھاگے کے تاجر کو بھتے کی پرچی پہنچانے کیلیے ایک ملزم کے ساتھ صدف نامی خاتون کو بھیجا جس کو سارے معاملے کا معلم تھا اور نہ دینے پر سنگین نتائج جیسے قتل کی دھمکی بھی دی۔ ملزمان نے بتایا کہ مخبری اور ریکی کا کام یوسف و صادق جبکہ بھتہ وصولی کا کام نادر اور شایان کو دیا گیا تھا۔

دوران حراست ملزمان نے اعتراف کیا کہ پرچی بھیجنے کے بعد 5 دسمبر کو تاجر کو خوفزدہ کرنے کیلیے دکان پر فائرنگ کی اور اس فائرنگ کی زد میں آکر بلال مرشد نامی تاجر قتل ہوگیا۔

ایس ایس پی سینٹرل  نے بتایا کہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھتہ خوروں کا گینگ 2 حصوں میں آپریٹ کرتا ہے ، پہلا دھڑا مخبری ، ریکی اور انفارمیشن جمع کرتا ہے جبکہ دوسرا دھڑا بھتہ نہ دینے پر فائرنگ اور قتل کرتا ہے ، بھتہ گینگ کا ماسٹر مائنڈ عبدالصمد ہے جبکہ ریکی اور انفارمیشن کا کام یوسف ، اسماعیل اور صادق کرتے ہیں۔

اس گروپ میں ضمیر ، عادل ، نبیل اور  شایان شوٹر کے طور پر کام کرتے ہیں ، ملزمان واردات کیلیے خواتین کا بھی استعمال کرتے ہیں ۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فیڈرل بی ایریا کی حدود میں ایک تاجر سے بھتہ طلب کیا اور بھتہ نہ دینے پر اس کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق گرفتار بھتہ خوروں کے قبضے سے پانچ 9 ایم ایم پستول برآمد کیے گئے ہیں،ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 13 سے زائد مقدمات بھی درج ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!