کراچی میں ہیوی ٹرالے کی ٹکر سے 2 نوجوان موٹر سائیکل سوار دوست جاں بحق

ویب ڈیسک
|
13 Apr 2025
کراچی :بولٹن مارکیٹ نیو چالی کے قریب سندھ مدرستہ الاسلام کالج کے نزدیک تیز رفتار ٹرالر اور موٹر سائیکل کے تصادم میں دو نوجوانوں کی موت واقع ہوگئی۔ واقعے کے بعد مقام حادثہ پر افراتفری پھیل گئی، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔
متوفی نوجوانوں کی شناخت زید اور نور کے طور پر کی گئی، جو لیاری کے علاقے عثمان آباد کے رہائشی تھے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں گہرے دوست تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرالر ڈرائیور نے حد سے زیادہ تیز رفتاری کی وجہ سے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔
تاہم، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ نوجوان موٹر سائیکل پر تیز رفتاری کر رہے تھے، جس کے نتیجے میں یہ سانحہ پیش آیا۔
لاشوں کو میڈیکل لیگل عملے کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
اس حادثے نے ایک بار پھر شہری ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری کے خطرات پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال کے 103 روز میں ہیوی ٹریفک سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 83 جبکہ مجموعی ڈھائی سو سے متجاوز ہوگئی۔
Comments
0 comment