3 hours ago
کراچی میں خاتون کے ساتھ لرزہ خیز واقعہ
Webdesk
|
30 Jun 2026
کراچی کے علاقے کورنگی میں خاتون پر تیزاب پھینک کر تشدد کا نشانہ بنانے کا دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی زمان ٹاؤن کی رہائشی خاتون کو مبینہ طور پر علی نامی شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا اور تیزاب پھینک دیا جس کے بعد ان کا جسم جھلس گیا۔
خاتون کے مطابق وہ اپنے بچوں کے ساتھ فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں جبکہ پارلر کا کام کرتی ہیں اور علی نامی شخص کے ساتھ اُن کا تنازع چل رہا تھا۔
خاتون کے مطابق وہ اپنے گھر سے باہر جارہی تھیں کہ اس دوران علی سیڑھیوں پر ملا اور تشدد کرنے کے بعد دھکا دیا، اس دوران اُس نے کوئی چیز پھینکی جس سے جسم میں تکلیف ہونے لگی۔
خاتون کرن خان نے بتایا کہ مذکورہ چیز پھینکنے سے اُن کے چہرے، ہاتھوں اور پاؤں کی کھال جھلس گئی، جس کے بعد وہ جناح اسپتال طبی امداد کیلیے گئیں تو وہاں سے ڈاکٹروں نے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا۔
کرن خان کی مدعیت میں تھانہ زمان ٹاؤن نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا جس میں علی نامی ملزم کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی۔
اُدھر وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
Comments
0 comment