6 hours ago
کرکٹر بننے اور گھر کے حالات بدلنے کا خواہش مند کراچی کا نوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق
عمیر دبیر
|
22 Dec 2024
شہر قائد میں دوڑتی خونی گاڑیوں نے ایک اور گھر کی امید کا چراغ ہمیشہ کیلیے بجھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ چیپل گراؤنڈ کے قریب تیز رفتار بین الصوبائی کوچ کے ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت 25 سالہ یعسوب کے نام سے ہوئی جو لیاقت آباد سی ون ایریا کا رہائشی تھا۔ حادثے میں اُس کے ساتھ بیٹھا دوست سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
چھیپا حکام نے مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں ایم ایل او کی عدم موجودگی کی وجہ سے ڈھائی سے تین گھنٹے تک ضابطے کی کارروائی نہیں ہوسکی۔
ایم ایل او کی عدم موجودگی پر جب سوال کیا گیا تو پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ کہیں گئے ہوئے ہیں۔ اہل خانہ کے غم و غصے کے باوجود پولیس کی کان پر جو تک نہیں رینگی اور وہ اپنی روایتی کارکردگی میں مصروف رہے۔
سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے انتقال ہوا
حادثے میں یعسوب کے سر پر چوٹ لگی جس کے نتیجے میں اُس کا مغز باہر نکل گیا۔ جبکہ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے بھی اُس کی موت واقعہ ہوئی۔
یعسوب کا پس منظر
پچیس سالہ یعسوب کرکٹر بننے کا خواہش مند تھا اور ضلعی سطح پر لیاقت آباد کی ٹیم سے کھیلتا بھی تھا جبکہ وہ اپنے گھریلو حالات کو بہتر کرنے کیلیے پرنٹنگ کنونسنگ کے آرڈر بھی پکڑتا تھا۔
اس کے علاوہ شام کے وقت وہ محلے میں ایک مٹھائی کی دکان پر سموسے فروخت کرتا تھا۔
گھر کے حالات بدلنے کا خواہش مند
بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہونے والے متوفی کی خواہش تھی کہ اُس کے گھریلو حالات تبدیل ہوجائیں اور والدین سمیت بہن بھائی اچھی زندگی بسر کر سکیں جس کے لیے وہ رات دن محنت کرتا تھا جبکہ ساتھ ہی اپنے شوق کو بھی لے کر چل رہا تھا۔
Comments
0 comment