مسافروں سے ناجائز کرایہ وصولی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ

Webdesk
|
26 May 2025
کراچی : عید الاضحی پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ حکومت سندھ کی جانب سے مہم شروع کر دی گئی ہے۔
اس ضمن میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے آئی جی سندھ پولیس، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اور ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے اعلی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عید کا موقع خاندانوں کے ساتھ گزارنے کا ہوتا ہے اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھائے، کسی کو بھی عید کے موقع پر عوام کا استحصال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں افراد عید منانے کے لیے سندھ بھر میں اپنے پیاروں کے پاس سفر کرتے ہیں، بعض ٹرانسپورٹرز کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیتے ہیں، جو عام شہریوں پر بوجھ اور ناقابل قبول ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت دی ہیں کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کریں۔
Comments
0 comment