7 hours ago
میر رضا علی کیس: میڈیکل بورڈ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سر، سینے اور ہڈیوں پر شدید چوٹوں کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
8 Aug 2026
کراچی: نوجوان میر رضا علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، جس میں جسم پر متعدد شدید چوٹوں اور گولی لگنے کے شواہد کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق میت کا جسم گلنے سڑنے کے انتہائی مرحلے میں تھا اور جسم کے مختلف حصوں پر کیڑے موجود تھے۔ موت اور پوسٹ مارٹم کے درمیان تقریباً 12 روز کا وقفہ بتایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کھوپڑی کے دائیں حصے پر گہرا زخم اور کھوپڑی کے مختلف حصوں میں فریکچر کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ بعض حصوں میں جما ہوا خون بھی موجود تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دائیں کولہے کی ہڈی میں تقریباً 12 سینٹی میٹر طویل فریکچر پایا گیا۔ اس کے علاوہ اوپری جبڑے کے چار دانت متاثر ہونے اور دائیں جانب چھٹی پسلی میں فریکچر کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چھٹی پسلی کئی حصوں میں ٹوٹی ہوئی تھی۔
رپورٹ میں بائیں جانب سینے کے اندرونی حصے میں جما ہوا خون بھی موجود ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
پوسٹ مارٹم کے دوران سینے پر گولی کے داخل ہونے کے زخم کی نشاندہی ہوئی، جس کا حجم تقریباً 0.8 سینٹی میٹر بتایا گیا ہے۔ زخم کے اطراف سیاہ نشانات بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق دل پر دو گول زخم پائے گئے جبکہ دل کے پچھلے حصے کے پٹھوں پر سیاہ اثرات کی نشاندہی ہوئی۔ گولی کے باہر نکلنے کا زخم بھی بائیں جانب سینے پر موجود تھا، جس کا حجم تقریباً 1.5 بائی 1.2 سینٹی میٹر درج کیا گیا ہے۔
میڈیکل بورڈ کے مطابق جسم پر پائی جانے والی چوٹیں موت سے قبل لگنے والی تھیں۔ رپورٹ میں زخموں سے خون کے اخراج کے شواہد بھی موجود ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
Comments
0 comment