49 mins ago
میر رضا کے بزنس پارٹنر کے کراچی چھوڑنے پر پابندی
ویب ڈیسک
|
15 Aug 2026
کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی نے نوجوان تاجر میر رضا علی کے کیس میں ان کے بزنس پارٹنر محمد احمد بھردے کی عبوری ضمانت میں 24 اگست تک توسیع کرتے ہوئے شہر چھوڑنے پر پابندی عائد کردی۔
محمد احمد بھردے نے وکیل کے ذریعے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسر اور پراسیکیوشن کو طلب کیا تھا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد احمد کو گرفتاری کا خدشہ ہے اور تحقیقات میں تعاون کے باوجود پولیس کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر ہراساں کیا جارہا ہے۔ وکیل کے مطابق محمد احمد اور میر رضا کاروباری شراکت دار تھے اور دونوں الگ الگ دکانیں چلاتے تھے۔
وکیل نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے محمد احمد کو تھانے کے بجائے جائے وقوعہ پر طلب کیا جبکہ سابق تفتیشی افسر کے دور میں بھی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میر رضا کے اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ محمد احمد کو صرف تفتیش کا حصہ بناتے ہوئے طلب کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران تقریباً 35 گواہوں اور دیگر افراد کو بھی طلب کرکے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی۔
عدالت نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ جب مقدمے میں ابتدا میں محمد احمد کو ملزم نامزد ہی نہیں کیا گیا تھا تو انہوں نے گرفتاری سے قبل ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیوں کیا۔
عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔
Comments
0 comment