6 hours ago
پنجاب میں مون سون سسٹم نے قہر ڈھا دیا، 24 گھنٹے میں 63 ہلاک

ویب ڈیسک
|
17 Jul 2025
لاہور: پنجاب میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث 63 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے ہیں۔
رواں سال مون سون سیزن کے دوران اب تک صوبے میں 103 اموات اور 393 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 128 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور میں 15، فیصل آباد میں 9، اوکاڑہ میں 9، ساہیوال میں 5 اور پاکپتن میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔ صوبے بھر میں آج بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خستہ حال اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں، کیونکہ سب سے زیادہ اموات چھتیں گرنے اور عمارتوں کے انہدام سے ہوئی ہیں۔
چکوال میں ریکارڈ 400 ملی میٹر سے زائد بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوج سمیت تمام اداروں کے اشتراک سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
آپریشن میں فوجی ہیلی کاپٹرز سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے سربراہ نے کہا کہ شہریوں کے محفوظ انخلا تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ محتاط رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
Comments
0 comment