پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے 9 افراد قتل
Webdesk
|
26 Jun 2024
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت کے علاقے بڈھ بیر میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں اموات کی تعداد 9 تک پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق بڈھ بیر کی حدود بابا باغ میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور دونوں فریقین کے درمیان جائیداد کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لئے اقدامات کی ہدایت کی اور کم سن بچوں سمیت خواتین کے قتل پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیر اعلی نے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور ظالمانہ اقدام ہے، قتل کے اس اندوہناک واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
فائرنگ کے واقعے میں چار خواتین اور پانچ بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ واقعے میں دو زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کی حدود باباباغ میں جائیداد تنازعہ پر مخالفین نے گھر میں گھس کا اندھا دھند فائرنگ کردی،
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر ڈویژن محمد زمان خان، ڈی ایس پی بڈھ بیر نظیف الرحمان خان، ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹمارٹم اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا جبکہ جائے وقوعہ سے خالی خول ودیگر شواہد اکٹھے کیے۔
Comments
0 comment