1 hour ago
پشاور میں خواتین کے ساتھ زیادتی کا واقعہ، پولیس نے 72 گھنٹے میں ملزمان کو گرفتار کرلیا
آفتاب مہمند
|
9 Sep 2026
پشاور پولیس نے خواتین کے ساتھ زیادتی کے مقدمے کا نوٹس لیتے ہوئے چند گھنٹوں میں چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی موسم خان میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعہ کا پولیس نے فوری نوٹس، خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے کامیاب کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں واقعہ میں ملوث چار مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے شہری کی دو بیویوں کو جبری طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ اتوار کو صبح درج ہوا جس کے بعد اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایات پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن پشاور کی براہِ راست نگرانی ایس پی صدر ڈویژن کی سربراہی میں چھاپہ مار خصوصی تفتیشی ٹیموں نے کیس کی تفتیش کو جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر آگے بڑھایا۔
ڈی ایس پی رحمان بابا اور ایس ایچ او تھانہ رحمان بابا اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرتے ہوئے دستیاب شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ملزمان کی نشاندہی کے بعد چند گھنٹوں میں ان کی گرفتاری کے لیے مؤثر کارروائی عمل میں لائی۔
پولیس کارروائی کے دوران واقعہ میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ خصوصی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں سے اہم شواہد اکٹھے کیے، جنہیں مزید قانونی اور سائنسی تجزیے کے لیے محفوظ کیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم مختلف پہلوؤں سے کیس کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ واقعہ کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی جامع اور شفاف تفتیش جاری ہے اور جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے شواہد، گرفتار ملزمان سے تفتیش اور دیگر دستیاب معلومات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کیس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی گنجائش نہیں رکھی جائے گی۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خواتین اور دیگر شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بروقت کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شابقش بھی دی ہے۔
Comments
0 comment