سگی بیٹی کو متعدد بار زیادتی کر کے حاملہ کرنے والے درندہ صفت شخص کو عدالت نے سزا سنادی

ویب ڈیسک
|
21 Mar 2025
کراچی میں بیٹی کو متعدد بار زیادتی کر کے حاملہ کرنے اور ماں بنانے والے درندہ صفت باپ کو عدالت نے سزا سنادی۔
کراچی کے ضلع وسطی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ایک سفاکانہ جرم کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک باپ کو اپنی سگی بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے اور اسے حاملہ کرنے کے مقدمے میں 25 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
عدالت نے ملزم شاہد پر 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جبکہ دھمکیوں کے الزام میں اسے مزید 7 سال قید کی سزا دی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں اپنے باپ کو ملزم قرار دیا، اور ڈی این اے ٹیسٹ سے بھی ملزم کا جرم ثابت ہوا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق، واقعہ 2020 میں پیش آیا جب ملزم نے اپنی سگی بیٹی کو گھر میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
لڑکی نے اپنی ماں کو واقعہ بتایا، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ملزم نے بار بار اپنی بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کی، جس کے نتیجے میں لڑکی چند ماہ بعد حاملہ ہوگئی اور ایک بچے کو جنم دیا۔
لڑکی نے اپنی ماں کو بتایا کہ بچہ اس کے باپ کا ہے، جس پر ماں نے اپنے شوہر کو مارا پیٹا۔ بعد ازاں، لڑکی نے فیس بک پر دوستی کے دوران وارث نامی شخص کو پورا واقعہ بتایا۔
وارث نے لڑکی کی کہانی سن کر اس سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا، اور شادی کے بعد دونوں نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ پولیس کے مطابق، یہ مقدمہ تھانہ نیو کراچی میں درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم کا جرم انتہائی سنگین اور قابل مذمت ہے، اور اسے سخت سزا دی گئی ہے تاکہ معاشرے میں ایسے جرائم کی روک تھام ہو سکے۔
Comments
0 comment