4 hours ago
سانحہ بلوچستان، لڑکی اور لڑکے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، دلخراش انکشاف

ویب ڈیسک
|
21 Jul 2025
کوئٹہ کے قریب ڈیگاری کے علاقے میں غیرت کے نام پر قتل کیے گئے مرد اور عورت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لڑکی اور لڑکے کو متعدد گولیاں ماری گئیں ہیں۔
سینڈیمن ہسپتال کی پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ کے مطابق، خاتون کو سات اور مرد کو نو گولیاں ماری گئیں۔ یہ پوسٹ مارٹم ڈیگاری کوئلے کی کان کے قبرستان میں عدالتی احکامات پر لاشیں نکالنے کے بعد کیے گئے۔
پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات، جن میں قتل، ہنگامہ آرائی، اور غیر قانونی اجتماع شامل ہیں، اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کر لیا ہے۔
متاثرین کو مبینہ طور پر ایک قبائلی جرگے کے حکم پر موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جوڑے کو زبردستی ایک گاڑی سے نکالا گیا اور ایک دور دراز صحرائی علاقے میں قریب سے گولیاں مار دی گئیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس کیس میں 11 ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور مزید کی گرفتاری کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا۔ ہم نے ویڈیو سامنے آنے سے پہلے ہی کارروائی کی تھی،" انہوں نے مزید بتایا کہ متعلقہ ڈی ایس پی کو معطل کر دیا گیا ہے۔ بگٹی نے یہ بھی بتایا کہ قتل ہونے والے مرد اور عورت آپس میں شادی شدہ نہیں تھے اور دونوں کے پانچ سے چھ بچے تھے۔
ایک مقامی قبائلی رہنما شیرباز خان کو کرائم انویسٹی گیشن ونگ کی تحویل میں دو روزہ ریمانڈ پر دے دیا گیا ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس روزی خان نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے سینئر حکام کو طلب کر لیا ہے۔ متعدد سیاسی جماعتوں نے بھی ان ہولناک ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments
0 comment