سوات: آن لائن گیم کی لت میں مبتلا مقروض نوجوان نے خودکشی کرلی
آفتاب مہمند
|
28 Sep 2024
خیبرپختونخوا کے علاقے سوات میں آن لائن گیم کی وجہ سے 15 لاکھ کے مقروض ہونے والے طالب علم نے خودکشی کرلی۔
سوات کا رہائشی کاشف خان آن لائن گیم سے کما رہا تھا اور پھر وہ یک دم مسائل میں گھرا پھر دیکھتے ہی دیکھتے 15 لاکھ روپے کا مقروض ہوگیا۔
قرض داروں کے مسلسل ادائیگی کے مطالبے پر کاشف نے خودکشی کی کوشش کی جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے گھر بھیج دیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور ہفتے کے روز انتقال کرگیا۔
پرنسپل شمس خان نے بتایا کہ نوجوان طالب علم کاشف کی خودکشی کے پیچھے آن لائن گیمز کا ہاتھ ہے، وہ بہت ہونہار طالب علم تھا مگر پھر گیم کی لائن میں گیا اور پھر مسائل میں گھرتا چلا گیا۔ کاشف نے زہریلی دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن گیمز کی لت بہت خطرناک ہے جس کی وجہ سے لوگ قرض دار ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے آن لائن گیمز اور ٹک ٹاک جیسی ایپس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ بہت ضروری ہوگیا ہے کیونکہ مزید نوجوان بھی اس گھناؤنے کھیل کا حصہ بن سکتے ہیں۔
Comments
0 comment