تفریح کیلیے گھروں پر حملے کرنے والے اوباش ٹک ٹاکرز گرفتار

ویب ڈیسک
|
14 Mar 2025
پشاور کے علاقے حیات آباد میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے دوران گھروں کے شیشے توڑنے والے اوباش ٹک ٹاکرز کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ نوجوان ایک گروپ کی شکل میں رات کی تاریکی میں گھروں پر پتھراؤ کرتے تھے اور اس کی ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک پر ڈالتے تھے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل رہا تھا۔
عوامی شکایات پر تھانہ تاتارا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، یہ نوجوان تراویح کی نماز کے بعد حیات آباد کے پوش اور کمرشل علاقوں میں گھروں پر پتھراؤ کرتے تھے اور اس کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرتے تھے۔
گرفتاری کے بعد نوجوانوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے تحریری معافی نامہ پیش کیا۔ ان کے والدین کو تھانہ طلب کیا گیا، جہاں انہوں نے اپنے بچوں کی ضمانت دی۔ تمام نوجوانوں کو والدین کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے واقعات کی صورت میں فوری طور پر تھانے کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے لیے ایسے غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
Comments
0 comment