ترلائی دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 35 تک پہنچ گئی

ترلائی دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 35 تک پہنچ گئی

ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن معطل، 6 زخمیوں کی حالت تاحال تشویشناک
ترلائی دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 35 تک پہنچ گئی

ویب ڈیسک

|

10 Feb 2026

ترلائی میں واقع مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید دو افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہو گئی ہے۔

پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق شہدا میں اسلام آباد کے علاقے سے تعلق رکھنے والے عقیل عباس، جو پولی کلینک میں زیر علاج تھے، اور سندھ کے شہر رتوڈیرو کے رہائشی علی بوسن شامل ہیں، جو نجی اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئے۔

ادھر خودکش حملے کی ایک اور ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور پیدل چلتے ہوئے مسجد تک پہنچا اور مرکزی گیٹ کے قریب آتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مسجد کے مرکزی دروازے پر اس وقت کوئی پولیس اہلکار تعینات نہیں تھا۔

سیکیورٹی میں غفلت کے معاملے پر ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن اشفاق وڑائچ کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ، جماعت اسلامی کے وفد اور پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے مسجد خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ عبادت گاہوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔

گورنر سندھ نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں شہید ہونے والے عون عباس کے گھر بھی جا کر اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے سفارش کریں گے کہ شہید عون عباس کو ان کی بہادری پر سول ایوارڈ دیا جائے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!