تراویح پڑھا کر گھر آنے والے امام مسجد کو واٹر ٹینکر نے کچل دیا

ویب ڈیسک
|
27 Mar 2025
کراچی: منگھوپیر علاقے میں ایک المناک حادثے میں 40 سالہ امام موٹرسائیکل سوار ٹینکر کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات تراویح کی نماز پڑھانے کے بعد گھر واپس جاتے ہوئے پیش آیا۔
متوفی ابراہیم خیبر پختونخوا کے رہائشی تھے اور کراچی کی ایک مسجد میں امامت کا فریضہ انجام دیتے تھے۔ دو بچوں کے والد ابراہیم بدھ کی رام تراویح کے بعد گھر لوٹ رہے تھے کہ ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی اور ان پر سے گزر گیا۔
حادثے کے موقع پر ہی ان کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے ٹینکر کو ضبط کرکے تھانے منتقل کردیا، جبکہ ڈرائیفر کی تلاشی جاری ہے۔ ابراہیم کی لاش تدفین کے لیے خیبر پختونخوا بھیج دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے آغاز سے اب تک کم از کم 6 افراد بھاری گاڑیوں کے حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں ایک حاملہ خاتون اور ان کا نومولود بچہ بھی شامل ہے جو حادثے کے دوران پیدا ہونے کے بعد زندہ نہ بچ سکے۔
اسی طرح کراچی کے کرساز علاقے میں ایک جوڑے کی موٹرسائیکل کو تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی، جس سے دونوں کی موت واقع ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق، ہوائی اڈے کی طرف سے دو کاریں ریس کررہی تھیں جن میں سے ایک سفید رنگ کی گاڑی جوڑے کی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد کار کا ٹائر پھٹ گیا، جس پر ڈرائیور کو موقع سے فرار ہوتے ہوئے شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
Comments
0 comment