4 hours ago
ٹیکسلا بائی پاس کے قریب ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
Webdesk
|
31 Aug 2026
اسلام آباد: ٹیکسلا بائی پاس کے قریب مسافر ٹرین خیبر میل پٹری سے اتر گئی تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے پشاور جا رہی تھی ، ٹیکسلا بائی پاس کے قریب بوگیاں پٹری سے نیچے اتر گئیں۔حادثے کے فورا بعد ریلوے انتظامیہ، مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا کوئی شدید زخمی نہیں ہوا، اور تمام مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے نکال لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریلوے کے تکنیکی عملے نے متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے اور ٹرین کی بوگیوں کو ہٹانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے، جلد ہی ٹریک بحال کی دی جائے گی۔
دوسری جانب ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔چار روز پہلے بھی مسافر اور مال بردار ٹرینیں بریک فیل ہونے کے باعث حادثات کا شکار ہو گئی تھی، دونوں واقعات میں انجن اور بوگیاں الٹ گئیں۔
تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ پہلا حادثہ جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین راول ایکسپریس پٹری سے اتر گئی تھی۔
دوسرا حادثہ رحیم یار خان میں فیروز ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا تھا جہاں مال گاڑی کی بریک فیل ہونے کے باعث انجن سمیت 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔
Comments
0 comment