بابر اعظم نے بدترین ریکارڈ بنالیا
ویب ڈیسک
|
28 Nov 2025
پاکستان کے اسٹار ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک ایسا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے جو کسی بھی بیٹر کو پسند نہیں آتا۔
بابر اعظم نے ٹی ٹوینٹی کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے عمر اکمل اور صائم ایوب کے برابر آگئے ہیں۔
واضح رہے کہ عمر اکمل اور صائم ایوب کا شمار پاکستان کے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں ہوتا تھا اب اس لسٹ میں بابر اعظم بھی برابری پر آگئے ہیں۔
راولپنڈی میں جاری سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری لیگ میچ میں پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 185 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 29 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گنوائی اور اسی موقع پر بابر اعظم کریز پر آئے، مگر وہ صرف دو گیندیں کھیل سکے اور کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بابر اعظم کی دسویں بار صفر پر رخصتی تھی۔ اس سے قبل وہ اسی سیریز میں زمبابوے کے خلاف میچ میں بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔
اس طرح بابر اعظم، صائم ایوب اور عمر اکمل تینوں اب 10، 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔
صائم ایوب نے 55، عمر اکمل نے 84 جبکہ بابر اعظم نے 135ویں ٹی 20 میچ میں یہ بدترین اعزاز اپنے نام کیا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر یہ ناپسندیدہ اعزاز سری لنکا کے ڈسن شناکا کے پاس ہے، جو اب تک 15 بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔
Comments
0 comment