بھارتی کپتان نے بھولے سے پاکستانی نوجوان کھلاڑی سے گلے مل گئے

ویب ڈیسک
|
20 Sep 2025
بھارت کے ایشیا کپ میں عمان کے خلاف میچ کے بعد کپتان سوریا کمار یادو کی جانب سے پاکستانی نژاد عمانی کھلاڑی عامر کلیم کو گلے لگانے کی تصویر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے عمان کو شکست دی، مگر میدان کے باہر سوریا کمار کے اس عمل پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ صارفین نے یاد دلایا کہ یہی کھلاڑی اس سے قبل پاکستان ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کرچکے تھے اور اپنی جیت کی تقریر میں پاہلگام متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
یادو کی عامر کلیم سے گرمجوشی پر کئی صارفین نے اسے دوہرا معیار قرار دیا اور کہا کہ ایسی ’انتخابی ہمدردی‘ کھیل کے جذبے اور آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ عامر کلیم کراچی میں پیدا ہوئے اور عمان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کی یادو سے گلے ملنے کی تصاویر تیزی سے وائرل ہوئیں۔
میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 188 رنز بنائے۔ ابھشیک شرما نے 15 گیندوں پر 38 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ سنجو سیمسن نے 56 رنز بنائے۔ عمان کی جانب سے شاہ فیصل اور عامر کلیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں عمان نے شاندار جدوجہد کی۔ عامر کلیم نے 64 رنز اور حماد مرزا نے 51 رنز اسکور کیے، لیکن ٹیم مقررہ اوورز میں 167 رنز تک محدود رہی اور بھارت 21 رنز سے کامیاب رہا۔
سوشل میڈیا پر بھارتی کپتان کے اس رویے کو "منتخب حب الوطنی" قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment