اذلان شاہ ٹورنامنٹ، صدر اور وزیراعظم کے قومی ہاکی ٹیم کے لیے پیغامات
ویب ڈیسک
|
11 May 2024
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اذلان شاہ ہاکی کپ فائنل میں شاندار کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ہاکی ٹیم کی سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ فائنل میں شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے فائنل سمیت پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کا عرصے بعد بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنا خوش آئند ہے، قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
آصف زرداری نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ہاکی ٹیم مستقبل میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
وزیر اعظم نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ فائنل میں جاپان کے خلاف بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے مگر پاکستانی ہاکی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لئے، عرصہ دراز کے بعد پاکستان نے قومی کھیل کے اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کھیلوں اور بالخصوص قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ہاکی ٹیم پاکستان نے قوم کے دل جیت لئے اور فائنل میں ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا۔ اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر پاکستانی ہاکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
Comments
0 comment