جنوبی افریقا کی قسمت ساتھ نہ دے سکی، بھارت دوسری بار ٹی 20 کا چیمپئن بن گیا

جنوبی افریقا کی قسمت ساتھ نہ دے سکی، بھارت دوسری بار ٹی 20 کا چیمپئن بن گیا

ہاردک پانڈیا، بمرا اور بلے بازی میں ویرات کوہلی ، پٹیل نے بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا
جنوبی افریقا کی قسمت ساتھ نہ دے سکی، بھارت دوسری بار ٹی 20 کا چیمپئن بن گیا

ویب ڈیسک

|

29 Jun 2024

بھارت نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دے دی۔

بھارت کی جانب سے جنوبی افریقا کو جیت کیلیے 177 رنز کا ہدف دیا گیا اور دو اوورز پہلے تک پروٹیز سورماؤں پر بھاری تھے مگر پھر بھارتی بولرز ہاردک پانڈیا اور بمرا نے بازی پلٹ کر جنوبی افریقا کے حلق سے فتح چھین لی۔

جنوبی افریقا کی ٹیم 177 رنز ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی اور اسے 7 رنز سے شکست ہوئی۔

بارباڈوس کے برج ٹاؤن میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویرات کوہلی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو بھنور سے نکال کر اسکور بورڈ پر بڑا ہندسہ جڑا، اس کے علاوہ بلے بازی میں پٹیل بھی کم نہیں رہے اور انہوں نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقا کی طرف سے ہینیرچ 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ آخری اوور ہاردک پانڈیا نے پھینکا جس میں جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے، سوریا کمار یادیو نے ملر کا باؤنڈری پر شاندار کیچ لیا۔ 

اگلی گیند پر 4 رنز بنے پھر تیسری پر ایک رن بن سکا۔ چوتھی گیند پر بھی ایک رن، اگلی وائیڈ بال ہوئی جس کے بعد پانچویں گیند پر افریقی بلے باز ربادا کیچ آؤٹ ہوگئے اور آخری گیند پر ایک رن بن سکا اور یوں جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دیکر بھارت دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئن بن گیا۔

بھارت کی فتح میں ہاردک پانڈیا کا اہم کردار تھا انہوں نے تین اوورز میں بیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ جسپریت بمرا کا شاندار اسپیل بہت کام آیا، انہوں نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر دو کھلاڑیوں اور ارشدیپ نے دو اور پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

ویرات کوہلی کو پلیئر آف دی میچ جبکہ جسپریت بمرا کو ٹورنامنٹ کا سب سے بہتر کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!