اسلام آباد دھماکا، مریم نواز کا بسنت سے متعلق بڑا فیصلہ
Webdesk
|
6 Feb 2026
اسلام آباد: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے باعث کل بسنت کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لبرٹی اسکوائر پر میگا بسنت شو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے۔ خوارج پر کوئی رحم نہیں ہوگا اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کی مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبری میں جمعے کی نماز کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک تقریبا 30سے زائد افراد جاں بحق اور 150 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہوچکی ہے، خود کش بمبار نے افغانستان سے دہشتگرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا ہے۔
Comments
0 comment