اسلام آباد دھماکا، حملہ آور کے 2 بھائیوں سمیت 4 قریبی رشتے دار پشاور سے گرفتار

اسلام آباد دھماکا، حملہ آور کے 2 بھائیوں سمیت 4 قریبی رشتے دار پشاور سے گرفتار

حملہ آور پشاور کا رہائشی تھا، حراست میں لیے گئے بھائیوں کی شناخت ناصر اور بلال خان کے ناموں سے ہوئی ہے، ذرائع
اسلام آباد دھماکا، حملہ آور کے 2 بھائیوں سمیت 4 قریبی رشتے دار پشاور سے گرفتار

ویب ڈیسک

|

7 Feb 2026

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث حملہ آور کی شناخت ہو گئی، تحقیقاتی ذرائع کے مطابق حملہ آور کا نام یاسر خان ہے جو پشاور کا رہائشی ہے جس کے 4 قریبی رشتے داروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترلائی میں واقع امام بارگاہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران  گیٹ پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، جس کے نتیجے میں اب تک 32 افراد شہید جبکہ 162 زخمی ہوئے جن میں سے 29 کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خود کش حملہ آور کی شناخت یاسر خان کے نام سے ہوئی جو پشاور کا رہائشی اور پانچ ماہ افغانستان میں مقیم رہا جس کے بعد پاکستان واپس آیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے کالعدم شدت پسند تنظیم داعش خراسان سے ممکنہ روابط بھی سامنے آئے ہیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق یاسر خان نے افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کنڑ میں واقع ایک تربیتی مرکز میں شدت پسندانہ تربیت حاصل کی اور اُس نے کئی بار افغانستان سے پاکستان کے درمیان سفر کرتا رہا۔

سیکیورٹی ذرائع نے حملے میں ملوث بمبار کے سہولت کار، منصوبہ سازوں کے حوالے سے تحقیقات کو مزید وسیع کرتے ہوئے پشاور سے مبینہ حملہ آور سے تعلق رکھنے والے 4 قریبی افراد کو حراست میں لے لیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے پشاور سے حراست میں لیے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، دھماکے میں ملوث سہولت کاروں اور معاونت فراہم کرنے والوں کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حملہ اور کے موجودہ اور سابقہ ٹھکانوں سے متعلق ملنے والی اطلاعات پر کام جاری ہے جبکہ اُس کے قومی شناختی کارڈ ایڈریس والے  گھر پر چھاپہ مار کر وہاں سے کچھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!