کرکٹ ہو سیاست نے تباہ کیا، پی سی بی حکام کی مراعات اور تنخواہیں آسٹریلیا سے بھی زیادہ ہیں، رانا ثنا

ویب ڈیسک
|
25 Feb 2025
وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ، رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو سیاست نے تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں کہا کہ پی سی بی کے ذمہ داروں کو دی جانے والی مراعات اور تنخواہیں یورپ اور آسٹریلیا میں بھی نہیں ملتیں۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کھلاڑیوں کو محض 2,000 روپے یومیہ الاؤنس دینے پر بھی تنقید کی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں پروفیشنل لوگوں کو لانے کی ضرورت ہے اور ایڈہاک ازم ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہر چیئرمین اپنی ٹیم لاتا ہے، جس کی وجہ سے مستقل پالیسی نہیں بن پاتی۔ انہوں نے سپورٹس ایسوسی ایشنز میں پروفیشنلز کو شامل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کے بعد بورڈ کافی حد تک خود مختار ہو گیا ہے، اور اسٹیڈیم کی تعمیر پر 14 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی، عمیر نیازی نے بھی کہا کہ کرکٹ کو سیاست نے برباد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، لیکن اس کی شناخت کرنے والے ماہرین کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان کی چیمپیئن ٹرافی میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اسٹیڈیمز کو بے دردی سے تباہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ سپورٹس کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے فیصلے کیے جائیں۔
Comments
0 comment