کین ولیم سن انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر

Webdesk
|
13 Oct 2025
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی کین ولیم سن انگلینڈ کے خلاف رواں ہفتے شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے بتایا کہ کین ولیم سن کی تمام تر توجہ انگلینڈ کے خلاف 26 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے۔
کین ولیم سن نے رواں سال مارچ میں بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل میں شرکت کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا۔ وہ گزشتہ ہفتے بیرونِ ملک سے نیوزی لینڈ واپس پہنچے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی)کے ساتھ ان کا معاہدہ ہے اور انہوں نے حالیہ مہینوں میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز اور زمبابوے کا دورہ بھی چھوڑا تھا تاکہ وہ کاؤنٹی کرکٹ اور دی ہنڈریڈ میں مڈل سیکس کی نمائندگی کر سکیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ کین ولیم سن گزشتہ ماہ ایک معمولی طبی مسئلے کا بھی شکار رہے اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ وہ مکمل صحتیابی کے بعد ہی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
کوچ راب والٹر نے کہا کہ کین ولیم سن دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، اور ہم پُرامید ہیں کہ یہ آئندہ دو ہفتے ان کی مکمل بحالی میں مدد دیں گے تاکہ وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے تیار ہو سکیں۔
ادھر ٹی20 ٹیم کی قیادت ایک بار پھر مچل سینٹنر کریں گے، جو حالیہ پیٹ کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آ چکے ہیں۔ کین ولیم سن کی ممکنہ واپسی ان کے ہوم گراؤنڈ بی اوول پر 26 اکتوبر کو متوقع ہے۔
Comments
0 comment