محمد رضوان کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا، قیادت جانے کا امکان

ویب ڈیسک
|
19 Oct 2025
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی قیادت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں جلد ہی عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے غیر ملکی کوچ مائیک ہیسن نے کپتانی کسی اور سینئر کھلاڑی کو سونپنے کی تجویز دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مائیک ہیسن نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو خط لکھ کر تجویز دی ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس فوری بلایا جائے تاکہ کپتانی سمیت دیگر اہم امور پر فیصلہ کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا اعلیٰ حکمتِ عملی گروپ (تھنک ٹینک) بھی کپتان کی تبدیلی کے حق میں ہے اور اس حوالے سے شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ابتدائی مشاورت ہو چکی ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، چیئرمین محسن نقوی نے کوچ کی تجویز منظور کرتے ہوئے دونوں کمیٹیوں کو خط ارسال کر دیا ہے۔
مشترکہ اجلاس 20 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے نئے کپتان کا اعلان متوقع ہے۔
Comments
0 comment