پہلگام واقعہ، شاہد آفریدی کا پاکستان اور بھارت کو مشورہ

ویب ڈیسک
|
26 Apr 2025
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام واقعے پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلگام میں پیش آنے والے واقعے اور بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات کے بعد مختلف پابندیوں پر شاہد آفریدی بھی میدان میں آئے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ "بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کیے بغیر فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کر دیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔"
آفریدی نے کہا کہ "پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر شدید افسوس ہے۔"
شاہد آفریدی نے کہا کہ "دونوں ممالک کے درمیان مسائل کا حل صرف اور صرف سفارتی مذاکرات سے ممکن ہے، جنگ کسی کا مسئلہ حل نہیں کرے گی۔"
اُن کا کہنا تھا کہ "کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے، یہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت کا ذریعہ ہونا چاہیے۔"
شاہد آفریدی نے اپنے بیان کے آخر میں دونوں ممالک کے درمیان پرامن مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "جنگ صرف تباہی لاتی ہے، جبکہ مذاکرات سے ہی مستحکم امن ممکن ہے۔"
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
اس واقعے کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارتی عملے کو محدود کر دیا ہے جبکہ سندھ طاس معاہدے پر بھی تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔
سرحدی علاقوں میں سیکورٹی انتظامات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
Comments
0 comment