پکتیکا میں کارروائی کے دوران 3 کرکٹرز کی ہلاکت، پاکستان کا آئی سی سی کو کرارا جواب

ویب ڈیسک
|
19 Oct 2025
پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اس غیر مصدقہ دعوے کو سختی سے مسترد کردیا ہے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ پاکستانی کارروائی میں تین افغان کرکٹرز مارے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بیان میں آئی سی سی کے "متعصب، غیر ذمہ دارانہ اور بچگانہ مؤقف" کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے اپنے الزامات کے حق میں کوئی آزاد اور مستند ثبوت پیش نہیں کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان خود سرحد پار دہشت گردی کا شکار ہے، اس لیے ایسے بیانات آئی سی سی کی موجودہ قیادت کے جانب دارانہ رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جے شاہ کی قیادت میں آئی سی سی کی غیر جانبداری پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں، کیونکہ آئی سی سی کا مؤقف سامنے آنے کے فوراً بعد جے شاہ نے اسے اپنی ذاتی سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید نمایاں کیا، جس کے بعد افغان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک مشابہ بیان جاری کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ان بیانات کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے، جبکہ پاکستان ہمیشہ کرکٹ کے فروغ اور کھیلوں کے ذریعے امن کے قیام کا خواہاں رہا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ افغان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں نومبر میں پاکستان میں شیڈول سہ فریقی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جس میں پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی۔
Comments
0 comment