رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا

رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا

رونالڈو نے یہ بات فیشن اور لائف اسٹائل میگزین ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی، جو اتوار کو شائع ہوا۔
رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا

Webdesk

|

17 Aug 2026

علمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ریٹائرمنٹ کے بارے میں اہم اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آئندہ سال ان کے شاندار فٹ بال کیریئر کا آخری سال ہو سکتا ہے۔

 41 سالہ پرتگالی اسٹار نے کہا کہ وہ فٹ بال سے رخصت ہوتے وقت ایک ایسی میراث چھوڑنا چاہتے ہیں جسے لوگ طویل عرصے تک یاد رکھیں۔

رونالڈو نے یہ بات فیشن اور لائف اسٹائل میگزین ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی، جو اتوار کو شائع ہوا۔

 انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ یہ شاید فٹ بال میں میرا آخری سال ہے، تاہم ان کے بیان سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ انہوں نے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔

رونالڈو کا شمار فٹ بال کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2002 میں پرتگال کے کلب اسپورٹنگ سے اپنے سینئر کیریئر کا آغاز کیا اور اس کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور یووینٹس جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کی۔ اس وقت وہ سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں۔

پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو نے اپنے طویل کیریئر میں متعدد بڑے اعزازات حاصل کیے. لیکن ورلڈ کپ کی ٹرافی ان کی کامیابیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکی۔ پرتگال رواں سال کے ورلڈ کپ میں بھی مطلوبہ کامیابی حاصل نہ کر سکا. جس کے بعد فٹ بال کا سب سے بڑا عالمی اعزاز رونالڈو کی ٹرافی کابینہ سے بدستور غائب ہے۔

رونالڈو نے کلب اور ملک کے لیے اب تک 976 گول کیے ہیں اور وہ 1000 گول کے تاریخی سنگ میل کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔

 وہ رواں سیزن بھی النصر کے ساتھ کھیلیں گے، اس لیے ان کی توجہ نہ صرف اپنے ممکنہ آخری سیزن پر ہوگی .بلکہ 1000 گول مکمل کرنے پر بھی مرکوز رہنے کی توقع ہے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ فٹ بال چھوڑنے کے بعد ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج اپنے وقت کو مصروف رکھنا ہوگا۔ ان کے مطابق فٹ بال ان کی زندگی کا بہت بڑا حصہ رہا ہے. اس لیے کھیل سے دوری کے بعد انہیں اپنی زندگی میں مختلف سرگرمیوں کو جگہ دینا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ سفر کرنا، پیڈل کھیلنا اور اپنی زندگی میں حاصل کی گئی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ رونالڈو کے مطابق گزشتہ 25 برس ان کے لیے قربانیوں سے بھرپور رہے ہیں اور اب وہ زندگی کے دوسرے پہلوں سے بھی لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!