سہ فریقی سیریز میں افغانستان باہر، زمبابوے کی ٹیم ایونٹ کھیلے گی

ویب ڈیسک
|
18 Oct 2025
زمبابوے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت قبول کرتے ہوئے نومبر میں ہونے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
افتتاحی میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جب کہ سری لنکا اور زمبابوے کے مابین مقابلہ 19 نومبر کو اسی مقام پر شیڈول ہے۔ سیریز کے بقیہ پانچ میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ نے صوبہ پکتیکا میں مبینہ پاکستانی حملے کے دوران افغان کرکٹرز کی ہلاکت کے الزام کے بعد سیریز میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔
افغانستان کی عدم شرکت کے بعد پی سی بی نے فوری طور پر زمبابوے کو متبادل ٹیم کے طور پر مدعو کیا، جس نے اب باضابطہ طور پر اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
سیریز کے فائنل سمیت تمام میچز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے، جب کہ میچز کے شیڈول اور ٹکٹوں کی تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی۔
Comments
0 comment