صہیب مقصود کیساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ ،مدد کی اپیل کردی

صہیب مقصود کیساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ ،مدد کی اپیل کردی

صہیب مقصود نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ سے متعلق ایک پوسٹ کی۔
صہیب مقصود کیساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ ،مدد کی اپیل کردی

Webdesk

|

20 Oct 2025

اسلام آباد /لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود کے ساتھ ایک کار شوروم کے مالک نے مبینہ طور پر بڑا فراڈ کردیا، کرکٹر نے وزیراعلیٰ پنجاب سے تحقیقات کی اپیل کر دی۔

پاکستان کی جانب سے 29 ون ڈے انٹرنیشنل اور 26 ٹی20 میچز کھیلنے والے کرکٹر صہیب مقصود نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ سے متعلق ایک پوسٹ کی۔

صہیب مقصود نے کہا کہ ملتان میں ایک شو روم کے مالک نے میرے ساتھ بہت بڑا فراڈ کیا ہے، میری ایک گاڑی جس کی قیمت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے تھی، اس نے بغیر کاغذات کے بیچ دی، جب کہ اصل کاغذات ابھی بھی میرے پاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شوروم مالک نے اس کے بدلے میں مجھے ایک اور گاڑی دی جس کے کاغذات جعلی نکلے اور اس نے مجھ سے 70 لاکھ روپے اضافی بھی لیے۔

قومی کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں حکومتِ پنجاب سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے پر فوری توجہ دی جائے، مریم نواز سے گزارش ہے کہ وہ اس معاملے کو حل کروانے میں میری مدد کریں۔

انہوںنے کہاکہ میں اعلیٰ حکام سے اپیل کرتا ہوں کہ مجھ سے رابطہ کریں تاکہ میں تمام تفصیلات فراہم کر سکوں، انہوں نے اپنی پوسٹ میں وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی ٹیگ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ہمیں ان فراڈیوں کو پکڑنا ہوگا جو لوگوں کی محنت کی کمائی سے کھیلتے ہیں، اگر ایک قومی کرکٹ اسٹار ہونے کے باوجود میں خود کو بے بس محسوس کر رہا ہوں تو سوچیں یہ لوگ عام غریبوں کے ساتھ کیا کرتے ہوں گے، ہمیں اپنی سوسائٹی کو ایسے فراڈیوں سے بچانا ہوگا۔

قومی کرکٹر نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ 8 ماہ بعد جب مجھے لاہور کے ایک گھر میں اپنی گاڑی ملی لیکن واپس لینے کی کوشش کے دوران وہاں موجود شخص نے دعویٰ کیا کہ میں نے یہ گاڑی خریدی ہے۔

انہوںنے کہاکہ میں نے اس شخص سے پوچھا کہ اگر تم نے خریدی ہے تو کاغذات کہاں ہیں، اگر کسی سے لی ہے تو تم نے کاغذات کیوں نہیں مانگے؟

جس پر اس نے جواب دیا کہ یہ میرا معاملہ ہے اور کسی کا باپ بھی اس گھر سے گاڑی نہیں لے سکتا، چاہے وہ پولیس ہی کیوں نہ ہو۔صہیب مقصود نے لکھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ حکام ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ ہم معصوم اور بے گناہ لوگوں کو ایسے فراڈیوں سے بچا سکیں، میں چاہتا ہوں کہ ہمارے معاشرے میں قانون کی بالادستی ہو اور ایسے جرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!